ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے معاون کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف پہلے میچ نے مشکل میں ڈال دیا ہے۔ قومی ٹیم عالمی کپ میں پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کوچ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ دل تو پاکستان کیلئے دھڑکتا ہے مگر پیشہ وارانہ طور پر ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان پر اٹیک کرنے کی کوشش کرے گی کیونکہ ان کے بیٹسمین بہت جارح مزاج کرکٹ کھیلتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولرز بھی باؤنسرز کے ذریعے پاکستانی بیٹسمینوں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کریں گے۔ مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بہت مضبوط ہے اور پاکستان کیلئے ابتدائی میچ میں مشکل کھڑی ہو سکتی ہے۔