بھارتی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ لائن کا شمار دنیائے کرکٹ کی بہتری بیٹنگ میں کیا جاتا یے مگر اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ بھارتی بیٹنگ اپنے ابتدائی تین بلے بازوں پر بہت انحصار کرتی ہے جب بھی شکھر دھون، روہت شرما یا پھر ویرات کوہلی لمبا کھیلتے ہیں تو مخالف ٹیم کے لیے بڑا ہدف اسکور بورڈ کی زینت بنتا ہے۔ دوسری جانب جب بھارتی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہو جائے تو پوری ٹیم ہی جلد پویلین لوٹ جاتی ہے مگر ورلڈکپ سے قبل بھارت کی ٹیم کا یہ مسئلہ بھی حل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ میں صرف 102 رنز کے مجموعی اسکور پر بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو لوکیش راہول اور مہندر سنگھ دھونی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے سنچری اسکور کر کے بھارتی ٹیم کا اسکور 359 تک پہچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ لوکیش راہول اور مہندر سنگھ دھونی کے درمیان 164 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز 264 رنز پر ڈھیر ہو گئے اور بھارتی ٹیم نے 95 رنز سے میچ میں کامیابی حاصل کی۔