میڈیا میں خبر آئی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق اور ہیڈکوچ مکی آرتھر کو ورلڈکپ کے بعد تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی ہو یا بری چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ کے معاہدے میں توسیع نہیں کی جائے گی جو ورلڈکپ کے اختتام کے بعد ختم ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نئے چیف سلیکٹر کے لیے عامر سہیل کے نام پر غور کیا جا رہا ہے جو پہلے بھی اس عہدے پر کام کر چکے ہیں۔ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان ہی نئی تقرریوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان خبروں کی تردید کی ہے اور کہا کہ ایسا کوئی بھی فیصلہ ہو گا تو بورڈ خود ہی بتا دے گا، ورلڈکپ سے پہلے اس قسم کی خبریں پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔