سابق آل راؤنڈر یاسر عرفات نے پاکستان کی طرف سے بہت کم کرکٹ کھیلی لیکن انگلینڈ میں انھوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ قومی ٹیم کی طرف سے زیادہ مواقع نہ ملنے کی وجہ سے یاسر عرفات نے انگلینڈ میں کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا اور انھوں نے وہاں زبردست کارکردگی دکھائی۔
انگلینڈ میں ہونے والے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کی بات کریں تو یہ اعزاز یاسر عرفات کے نام ہے۔ انھوں نے 118 میچوں میں 156 شکار کیے جبکہ سات مرتبہ وہ ایک میچ میں چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یاسر عرفات نے انگلینڈ کی مختلف کاؤنٹی ٹیموں کی نمائندگی کی جس میں ہیمپشائر، کینٹ، لنکاشائر، سمرسیٹ، سرے اور سسیکس شامل ہیں۔ آل راؤنڈر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اور پاکستان کے لیے ایک زبردست اعزاز ہے۔ انھوں نے پاکستان کی طرف سے تین ٹیسٹ، گیارہ ون ڈے اور تیرہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔