ورلڈکپ کا شاندار آغاز انگلینڈ میں ہو چکا ہے جس کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے ساؤتھ افریقہ کو شکست سے دوچار کیا۔ میگا ایونٹ کے باقاعدہ آغاز سے ایک روز عالمی کپ کی افتتاحی تقریب لندن میں ہوئی جہاں ورلڈکپ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی جبکہ سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔ افتتاحی تقریب کے آغاز سے قبل تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ملکہ برطانیہ ایلزبتھ ٹو سے ایک گروپ کی صورت میں ملاقات کی۔ پاکستان کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی لباس شلوار قمیض اور کوٹ پہن کر اس تقریب میں شرکت کی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ قمیض شلوار ہمارا قومی لباس ہے اور مجھے بڑی خوشی ہو رہی تھی کہ میں سب سے مختلف نظر آ رہا تھا کیونکہ باقی کپتان نے پینٹ کوٹ پہنا ہوا تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پرنس ہیری کے ساتھ کرکٹ پر بھی بات ہوئی اور وہ کہہ رہے تھے کہ میں آپ کو بولنگ کرنے آؤں گا۔