انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں بری طرح ناکام ہونے کے باوجود فاسٹ بولر حسن علی ورلڈکپ میں انگلینڈ کی فلیٹ پچز سے گھبرائے نہیں ہیں۔ حسن علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں پچز بیٹسمینوں کے لیے زیادہ سازگار ہیں مگر انھیں بخوبی معلوم ہے کہ ان وکٹوں پر کس طرح بولنگ کرنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اپنی غلطیوں پر قابو پانے کے لیے بولنگ کوچ اظہر محمود کے ساتھ سخت محنت کر رہا ہوں، ایک مرتبہ ردھم میں آ گیا تو وکٹیں لینا مشکل نہیں ہو گا۔ فاسٹ بولر نے دو سال قبل انگلینڈ کی سرزمین پر چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر بھی قرار پائے تھے۔ حسن علی 2017 کے بعد اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہے اور انھوں نے بھی اپنی غیرمعیاری کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ افریقہ کے دورے کے بعد میں اچھی پرفارمنس نہیں دے سکا مگر امید ہے ورلڈکپ میں فارم واپس حاصل کر لوں گا۔