پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ویسٹ انڈیز کے خلاف بدترین ناکامی کے باوجود اپنی ٹیم سے اچھی پرفارمنس کے لیے پرامید ہیں۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آج ہمارا برا دن تھا، ہم نے ابتدائی اوورز میں زیادہ وکٹیں دے دیں جس وجہ سے شکست ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ انھوں نے ٹاس کے موقع پر ہی کہہ دیا تھا کہ ابتدائی اوورز سنبھل کر کھیلنا ہوں گے مگر میچ میں کچھ پاکستان کی قسمت بھی خراب رہی، فخر زمان اور امام الحق جس طرح آؤٹ ہوئے اس کے بعد سے ٹیم پر دباؤ آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی ایک میچ ہوا ہے اور آٹھ میچز ابھی باقی ہیں اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے کہ اگلے میچز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے واپسی کریں گے۔ ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہم نے شارٹ پچ بولنگ کی پریکٹس کی تھی کیونکہ ہم جانتے تھے کہ ویسٹ انڈیز شارٹ بولنگ سے اٹیک کرے گا۔