ورلڈکپ کے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد قومی ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے مگر بولنگ کوچ اظہر محمود نے سابق کرکٹرز سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ٹیم کو سپورٹ کریں۔ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی معلوم ہے جو سابق کرکٹرز ٹیم پر تنقید کر رہے ہیں انھوں نے اپنے وقت میں کیا کیا ہے۔ بولنگ کوچ نے کہا کہ میری سب سے درخواست ہے کہ کھلاڑی کی کارکردگی پر بات کی جائے مگر کسی بھی کھلاڑی پر ذاتی حملے کرنا درست نہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کی ٹیم کے اور سب کو اس ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، آج ٹیم اچھا پرفارم نہیں کر رہی لیکن اچھا وقت جلد ہی آئے گا۔ اظہر محمود نے مزید کہا کہ بھولیں نہیں یہی ٹیم 2017 میں چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم تھی۔ انھوں نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمین اچھی فارم میں ہے جبکہ بولرز میں بھرپور صلاحیت موجود ہے اور قومی ٹیم ورلڈکپ میں بہترین واپسی کرے گی۔