ویسٹ انڈیز کے خطرناک اوپننگ بیٹسمین کرس گیل آسٹریلیا کے خلاف اپنی ٹیم کو کامیابی تو نہ دلا سکے تاہم ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کرس گیل 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور یہ ورلڈکپ میں ان کا 28واں میچ تھا۔ اس میچ میں کرس گیل نے ورلڈکپ میں 37 کی اوسط سے ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا۔ انھوں نے ورلڈکپ میچز میں دو سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں بھی اسکور کر رکھی ہیں۔ واضح رہے کہ کرس گیل اپنا آخری ورلڈکپ کھیل رہے ہیں اور وہ اسے یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ کرس گیل سے پہلے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان برائن لارا یہ ریکارڈ بنا چکے ہیں۔ انھوں نے 34 میچز میں 42 کی اوسط سے ورلڈکپ میں 1,225 رنز بنائے۔