ساؤتھ افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز کی ریٹائرمنٹ واپس لے کر ورلڈکپ کھیلنے کی پیشکش کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے مسترد کر دی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اے بی ڈویلیئرز نے مئی میں ساؤتھ افریقہ کی ورلڈکپ ٹیم کے اعلان سے قبل بورڈ کو پیشکش کی تھی کہ وہ ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں واپس آ سکتے ہیں۔ اے بی ڈویلیئرز نے کپتان اور کوچ سے اس خواہش اظہار کیا تھا لیکن بورڈ نے اسے ناممکن قرار دیتے ہوئے ڈویلیئرز کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ اے بی ڈویلیئرز نے گزشتہ سال اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جس پر شائقین کرکٹ حیران رہ گئے تھے۔ ورلڈکپ میں ساؤتھ افریقہ کی ٹیم مشکلات سے دوچار ہے جسے انگلینڈ، بنگلہ دیش اور بھارت کے ہاتھوں شکست ہو چکی ہے۔ چوتھے میچ میں ساؤتھ افریقہ کا مقابلہ 15 جون کو افغانستان سے ہو گا۔