پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کے حوالے سے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ ورلڈکپ کے بعد پاکستان ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنا نہیں چاہتے ہیں تاہم گرانٹ فلاور میں ان تمام خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔ گرانٹ فلاور نے برسٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں لیکن اس کا حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے۔ گرانٹ فلاور گزشتہ پانچ سال سے پاکستان ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ منسلک ہیں۔ قومی ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیم نے بالکل بھی اچھا نہیں کھیلا اور بیٹسمین تکنیکی اعتبار سے کمزور نظر آئے تاہم تمام کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داری کا احساس ہے اور ٹیم کا ہر ایک کھلاڑی ورلڈکپ میں بہترین پرفارمنس دکھانے کے لیے پرعزم ہے۔