پاکستان ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے شرجیل خان کی پابندی کو پاکستان کرکٹ کا بڑا نقصان قرار دے دیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ پاکستان اور خود شرجیل خان کے لیے اچھا نہیں ہوا، میرے خیال میں پاکستان کو سعید انور کے بعد پہلا کوئی بہترین اوپنر ملا تھا جس میں بیٹنگ کی قدرتی صلاحیت موجود تھی۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شرجیل خان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ گزشتہ دنوں شرجیل خان نے پی سی بی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مانگی تھی تاہم پی سی بی نے درخواست مسترد کر دی تھی۔ پی سی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ اعتراف جرم کیے بغیر شرجیل خان کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل خان نے صرف رپورٹ نہ کرنے کے جرم کا اعتراف کیا جو بحالی پروگرام کیلئے ناکافی ہے۔