پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپنر امام الحق نے ٹاؤنٹن میں پاکستان ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود پر ہونے والی تنقید نے انھیں ذہنی طور پر مزید مضبوط بنا دیا ہے، ناقدین کی باتیں انھیں اور بھی زیادہ محنت کرنے کا حوصلہ دیتی ہیں۔ امام الحق نے کہا کہ تنقید ایک کھلاڑی کے ساتھ ساری زندگی چلتی ہے لیکن ان کی توجہ کرکٹ پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی کامیابی میں اوپنرز کا بہت اہم کردار ہوتا ہے اور ورلڈکپ میں بھی وہی ٹیم کامیاب ہو گی جس کے اپنرز اچھا پرفارم کریں گے۔ اس کے علاوہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے سوال ہوا تو امام الحق نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، ورلڈکپ میں ہر میچ ان کے لیے اہم ہے اور ان کی کوشش ہے کہ ہر میچ میں ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کریں۔