آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا جو کہ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میچ کے لیے ایسی پچ تیار کی گئی ہے جو فاسٹ بولرز کو مدد فراہم کرے گی۔ پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی ممکن ہے، شعیب ملک یا آصف علی کو ڈراپ کر کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو پلئینگ الیون میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے ٹاؤنٹن میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں خوب محنت کی۔ شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے کپتان اور اوپننگ بیٹسمین ایرون فنچ کو جلد آؤٹ کرنا بہت اہم ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر مجھے موقع دیا گیا تو میں ٹیم مینجمنٹ کو مایوس نہیں کروں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کی واپسی سے آسٹریلیا کی ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔