افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد کو فٹنس مسائل کی وجہ سے ورلڈکپ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا جس کے بعد وہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ محمد شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ورلڈکپ میں بھی مجھے منتخب نہیں کیا گیا تھا اور اس مرتبہ بھی منتخب کرنے کے بعد ڈراپ کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کے رویے کے بعد میرا دل کرکٹ سے اٹھ چکا ہے، میں اپنے دوستوں اور فیملی سے مشورے کے بعد مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر بورڈ مجھے کرکٹ کھیلتا نہیں دیکھنا چاہتا تو مجھے آگاہ کر دیا جائے میں کرکٹ چھوڑ دوں گا۔ افغانسان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو اسداللہ خان کا اس معاملے پر کہنا ہے کہ ان کو فٹنس مسائل کا سامنا ہے جس وجہ سے ڈراپ کیا گیا اور ہم نے آئی سی سی کو میڈیکل رپورٹ جمع کروائی ہے جس میں لکھا ہے کہ شہزاد ان فٹ ہے۔