بارش کی مداخلت کے باعث ورلڈکپ میں سری لنکا کے اب تک دو میچز منسوخ ہو چکے ہیں جس کے بعد انھیں دونوں میچوں میں ایک، ایک پوائنٹ ملا۔ سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ ہم ورلڈکپ میں کھیلنے کے لیے آئے ہیں اور میچ جیت کر پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کے لیے بہت مشکل ہوتا ہے کہ مکمل تیاری کے باوجود میچ نہ کھیل سکیں۔ دیمتھ کرونارتنے پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کی پوزیشن سے مطمئن ہیں اور ان کا اگلا میچ آسٹریلیا کے خلاف ہے۔ سری لنکن کپتان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ہماری ٹیم 11 دن میں کوئی میچ کھیلے بغئر میدان میں اترے گی جس وجہ سے ہمیں بہت پریکٹس کرنے کی ضرورت ہے لیکن کوشش ہو گی کہ وارم اپ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف جو غلطیاں ہوئیں اسے دوبارہ نہ دہرائیں۔