آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر آگ بگولہ ہو گئے۔ راولپنڈی ایکسپریس نے شکست کا ملبہ اوپنر امام الحق پر ڈال دیا۔ شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ امام الحق کے اسٹرائیک ریٹ پر تشویش کا اظہار کرتا تھا، آج بھی امام نے 75 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ امام الحق کی اس سست روی سے گیم کا پریشر پوری ٹیم پر آ گیا۔ امام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 11 گیندوں پر دو رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی 44 رنز 58 گیندوں پر اسکور کیے تھے۔
شعیب اختر کے اس ٹویٹ پر ملے جلے جوابات سامنے آئے۔ کسی کا کہنا تھا کہ فخر زمان اور بابر اعظم جلد آؤٹ ہو گئے تھے اس لیے امام الحق کا دیر تک وکٹ پر کھڑے رہنا ضروری تھا جبکہ کسی نے شعیب اختر کی بات سے اتفاق کیا۔