آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے بیٹسمینوں کو شکست کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ سرفراز احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹسمینوں نے غلط شاٹس کھیلے جس کا نقصان اٹھانا پڑا۔ کپتان نے حسن علی اور وہاب ریاض کی بیٹنگ کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور کوشش کے باوجود ہم میچ نہیں جیت سکے۔ بولنگ کے حوالے سے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے بیس اوورز میں ہم نے بہت زیادہ رنز بننے دیے، عامر کے علاوہ تمام بولرز مہنگے ثابت ہوئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے فتح حاصل کرنی ہے تو بیٹنگ آرڈر کے پہلے چار بیٹسمینوں کو ذمہ داری لینا ہو گی۔ سرفراز احمد نے مزید کہا کہ امید ہے کہ بھارت کے خلاف اچھا کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔