محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ وکٹیں تو حاصل کیں لیکن سابق کپتان وسیم اکرم نے نشاندہی کی ہے کہ عامر دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بیٹسمینوں کے خلاف ابھی بھی ایک غلطی کر رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے بتایا کہ دائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کے خلاف اگر گیند اندر لانی ہے تو عامر کو وکٹوں کے قریب ہو کر بولنگ کروانا ہو گی جبکہ ابھی وہ وکٹوں سے دور رہ کر بولنگ کر رہے ہیں۔ محمد عامر کے مقابلے میں وسیم اکرم نے مچل اسٹارک کی بولنگ کا موازنہ بھی کیا اور دکھایا کہ آسٹریلوی فاسٹ بولر وکٹوں کے پاس سے بولنگ کر رہے ہیں تاکہ وہ دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کے خلاف گیند اندر کی جانب سوئن کر سکیں۔ محمد عامر رواں ورلڈکپ کے چار میچوں میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور وہ سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔