آسٹریلیا کے خلاف ورلڈکپ کے اہم میچ میں محمد عامر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 10 اوورز میں 30 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں جس میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، شان مارش، ایلکس کیری اور مچل اسٹارک کی وکٹیں شامل تھیں۔
محمد عامر نے 2009 میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے ڈیبیو کیا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ انھوں نے ون ڈے کیریئر میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کا راستہ دکھایا ہو۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ میں نے جو پانچ آؤٹ کیے اس پر اللہ کا شکرگزار ہوں لیکن اگر ٹیم جیت جاتی تو زیادہ مزہ آتا۔ انھوں نے کہا کہ مجھے اندازہ ہو گیا تھا یہاں گیند سوئنگ نہیں ہو رہا تھا بلکہ اپنی مرضی سے اندر اور باہر کی جانب نکل رہا تھا اس لیے میں نے آگے بولنگ کی۔ محمد عامر نے مزید کہا کہ اب ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور بھارت کے خلاف میچ میں اچھی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔