پاکستان ٹیم کی طرف سے ڈیبیو کرنے کے بعد سے اوپننگ بیٹسمین امام الحق کو چیف سلیکٹر انضمام الحق کی وجہ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ وہ انضمام الحق کے بھتیجے ہیں۔ امام الحق کی شاندار پرفارمنس کے باوجود پاکستانی شائقین کرکٹ انھیں ٹیم میں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور ہر جگہ ان کے خلاف "پرچی، پرچی" کے نعرے لگائے جاتے ہیں۔ شدید تنقید کے باوجود امام الحق کی کارکردگی پر کوئی فرق نہیں پڑا اور انھوں نے پاکستان کے مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ امام الحق ون ڈے کیریئر میں 31 اننگز کھیلنے کے بعد پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ امام الحق نے 31 اننگز میں 1,486 رنز اسکور کر لیے ہیں اور انھوں نے یہ اعزاز آسٹریلیا کے خلاف 53 رنز اسکور کر کے اپنے نام کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم کے پاس تھا جنہوں نے 31 اننگز میں 1,455 رنز بنائے تھے۔