بھارت کے خلاف بڑے میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے سابق کپتان وقار یونس نے قومی ٹیم کو اپنا مشورہ دیا ہے۔ پی سی بی کو دیے گئے انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ اس ورلڈکپ میں ہم نے دیکھا ہے کہ جس ٹیم نے ابتداء میں وکٹیں نہیں لیں وہ مشکلات سے دوچار ہوئی اس لیے بھارت کے خلاف کامیابی کے لیے قومی ٹیم کو ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کرنا ہوں گی۔
وقار یونس نے کہا کہ اس میچ کو دنیا بھر میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے اور کئی بلین افراد اس میچ کو دیکھتے ہیں اس لیے پریشر سے آزاد ہو کر کھیلنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف ریکارڈ اچھا نہیں مگر اب یہ سب ماضی کی باتیں ہیں، اب ایک نیا دن ہو گا اور نیا میچ ہو گا اس لیے پاکستان کو سب کچھ بھول کر میدان میں اترنا چاہیے۔