امام الحق نے سری لنکا کے خلاف سنچری اسکور کر کے اپنے ون ڈے کیریئر کا شاندار انداز میں آغاز کیا تھا جس کے بعد سے ان کی شاندار پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے مگر ڈیبیو کے بعد سے ان میں ایک خامی برقرار ہے۔ امام الحق اپنے ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے کے بعد لیگ سائیڈ پر جاتی تھیسارا پریرا کی گیند پر وکٹ کیپر ڈکویلا کے ہاتھ میں کیچ دے بیٹھے تھے اور انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بھی وہ جوفرا آرچر کی گیند پر اسی طرح آؤٹ ہوئے۔ ورلڈکپ میں اب تک تین میچوں میں وہ دو مرتبہ اسی انداز میں آؤٹ ہوئے ہیں تاہم اس کے باوجود ان کا ماننا ہے کہ لیگ سائیڈ پر جاتی گیندیں ان کی کمزوری نہیں ہے۔ امام الحق نے کہا کہ ماضی میں اھہوں نے لیگ سائیڈ پر رنز بھی کیے ہیں لیکن اس بار بدقسمت رہے کہ گیند گلووز کو چھو کر وکٹ کیپر کے ہاتھ میں چلی گئی اور اس شاٹ کو میری کمزوری کہنا ٹھیک نہیں۔ اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ آخر تک وکٹ پر رکیں۔ انھوں نے کہا کہ اب بھی پاکستان کیلئے کچھ مشکل نہیں، تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، ماضی کو بھلا کر آگے کے میچز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔