بھارت نے پاکستان کے خلاف ورلڈکپ کے ایک اور میچ میں کامیابی ضرور حاصل کی مگر انھیں بھونیشور کمار کی انجری کی صورت میں ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ پاکستان کے خلاف میچ میں بھونیشور کمار 2.4 اوورز ہی کروا سکے تھے کہ وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ فاسٹ بولر انجری کے باعث گراؤنڈ میں واپس نہیں آ سکے لیکن بھارت کا ایک بولر کم ہونے کے باوجود پاکستان ٹیم موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ بھونیشور کمار دو، تین میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے اور آئندہ میچز میں محمد شامی کو ان کی جگہ شامل کیا جائے گا۔ بھارتی ٹیم ورلڈکپ میں اپنا اگلا میچ 22 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔ پوائنٹس ٹیبل پر بھارت 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔