قومی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کی انگلینڈ میں کارکردگی ہمیشہ سے ہی مایوس کن رہی ہے اور ورلڈکپ میں بھی انھوں نے اس روایت کو اب تک قائم رکھا ہے۔ شعیب ملک ورلڈکپ 2019 میں تین میچز کھیل چکے ہیں جہاں انھوں نے ایک اننگز میں 8 رنز اسکور کیے جبکہ آسٹریلیا اور بھارت کیخلاف وہ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ شعیب ملک کا انگلینڈ میں بیٹنگ ریکارڈ دیکھا جائے تو انھوں نے 29 میچوں میں صرف 13.7 کی اوسط سے 353 رنز اسکور کیے ہیں۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ کا ریکارڈ بھی شعیب ملک سے بہتر ہے۔ شعیب ملک نے گزشتہ 30 ون ڈے اننگز میں صرف تین نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ 2018 کی ابتداء سے اب تک 30 اننگز میں شعیب ملک نے 25.33 کی اوسط سے 608 رنز بنائے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق شعیب ملک کو ورلڈکپ ٹیم میں شامل کرنا بالکل بھی درست فیصلہ نہیں تھا۔