بھارت کے خلاف ملی شکست نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ پوائنٹس ٹیبل کی نویں پوزیشن پر دھکیل دیا جبکہ اس شکست نے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے سفر کو مزید کٹھن بنا دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نہ صرف نویں پوزیشن پر موجود ہے بلکہ قومی ٹیم کا رن ریٹ بھی تمام ٹیموں کے مقابلے میں سب سے کم (منفی 1.933) ہے۔ پاکستان کو میگا ایونٹ میں مزید چار میچز ساؤتھ افریقہ، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور افغانستان کے خلاف کھیلنے ہیں۔ گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنی ہے تو چاروں میچوں میں اچھے مارجن کے ساتھ فتح حاصل کرنی ہو گی کیونکہ پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ رن ریٹ کو بھی بہتر بنانا ضروری ہے۔ ممکن ہے کہ سیمی فائنل کی چوتھی ٹیم کا فیصلہ رن ریٹ پر ہو۔ پاکستان اگلے چار میچز جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کر سکتا ہے جس کے بعد پوائنٹس کی تعداد 11 ہو جائے گی۔ اس لیے ممکن ہے کہ پاکستان سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے مگر یاد رہے آسٹریلیا کو 12 پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے چار میچوں میں دو فتوحات درکار ہیں جبکہ بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کو اپنے پانچ، پانچ میچوں میں تین میں کامیابی حاصل کرنی ہے اور اس صورت میں پاکستان کا سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا ناممکن ہے۔