بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں تیزترین 11 ہزار رنز بنا کر سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔ بھارتی کپتان نے یہ کارنامہ انگلینڈ اینڈ ویلز میں جاری ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان کے خلاف مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ گراؤنڈ پر 77 رنز بنا کر انجام دیا۔
ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر کی 222ویں اننگز میں تیزترین 11 ہزار رنز بنانے کا سنگ میل عبور کیا جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 276 اننگز میں 11 ہزار رنز اسکور کیے تھے۔ ویرات کوہلی ایک روزہ کرکٹ میں بھارت کی جانب سے 11 ہزار بنانے والے تیسرے اور دنیائے کرکٹ کے 9ویں بیٹسمین ہیں۔
ویرات کوہلی سے قبل سچن ٹنڈولکر، کمار سنگاکارا، رکی پونٹنگ، سنتھ جے سوریا، مہیلا جایاوردنے، انضمام الحق، جیک کیلس اور سوروو گنگولی نے یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔