انگلینڈ اینڈ ویلز میں جاری ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم کی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ کی تبدیلی پر بہت زیادہ بحث شروع ہو گئی ہے لیکن پی سی بی ترجمان کے مطابق ورلڈکپ کے بعد سب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد تبدیلیوں کا فیصلہ ہو گا۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ کپتان، سلیکٹرز اور کوچز کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، جلدبازی میں کوئی فیصلہ نہیں ہو گا۔ بورڈ ترجمان کے مطابق سوچ سمجھ کر فیصلے کیے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے دوران کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں ہو سکتے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی وائرل ہونے والی ویڈیوز پر بھی پی سی بی نے وضاحت کی کہ کسی کھلاڑی نے کرفیو ٹائمنگ کی خلاف ورزی نہیں کی، کھلاڑی فیملیز کے ساتھ مینجمنٹ کی اجازت لے کر گئے جبکہ میچ کی رات تمام کھلاڑی وقت پر ہوٹل میں موجود تھے۔