قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا ایک روزہ کرکٹ میں زبردست ریکارڈ ہے۔ عماد وسیم کی ون ڈے کرکٹ میں 41.2 کی بیٹنگ اوسط ہے جبکہ اسٹرئیک ریٹ 107.8 کا ہے مگر سب سے اہم سوال یہ ہے کہ عماد وسیم کے یہ شاندار اعدادوشمار ٹیم کی فتح میں کتنے کام آ رہے ہیں؟ عماد وسیم نے ون ڈے ڈیبیو کے بعد سے 48 میچوں میں 10 مرتبہ 40 یا اس سے زائد رنز کی اننگز کھیلی جس میں ان کی 5 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ صرف دو مرتبہ ہی عماد وسیم کے رنز ٹیم کے کام آئے اور گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کی جبکہ آٹھ بار ان کی 40 یا اس سے زائد رنز کی اننگز ضائع گئی جس میں ان کی 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بولنگ میں بھی عماد وسیم کی کارکردگی مناسب رہی۔ وہ اپنے ون ڈے کیریئر میں دو مرتبہ تین اور ایک مرتبہ 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔