انگلینڈ اینڈ ویلز کی سرزمین پر جاری ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی ٹیم میں گروپ بندی کی خبریں دم توڑنے کا نام لے رہیں کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے نیا دعویٰ کر کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ شعیب اختر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کی پندرہ رکنی ورلڈکپ ٹیم میں سے سات کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کے بعد ڈراپ کر دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ 1999 کے فائنل میچ کے بعد دس کھلاڑیوں نے دس سال تک کرکٹ کھیلی لیکن موجودہ ٹیم سے سات کھلاڑی فارغ ہو جائیں گے۔ سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ پی سی بی کو چاہیے کہ قابل لوگوں کو بورڈ میں لائے تا کہ کرکٹ کا نظام بہتر ہو اور اور ٹیم کی کارکردگی میں نکھار لایا جا سکے۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ اگر آپ اوسط درجے کے لوگوں کو نوکری دیں گے تو قومی ٹیم کے نتائج بھی اس درجے کے ہوں گے۔