پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ کبھی مثبت رہنا بھی ضروری ہے، ہر وقت تنقید سے کھلاڑیوں پر بھی دباؤ آ جاتا ہے۔ ساؤتھ افریقہ کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوچ مکی آرتھر نے کہا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ خودکشی کرنے کا سوچ رہے تھے۔
اس بات کا ملبہ اظہر محمود نے میڈیا پر ڈالتے ہوئے کہا کہ میڈیا تو کچھ بھی مثبت نہیں دکھاتا، صرف تنقید کرتا ہے۔ اظہر محمود نے مذاق میں جواب دیتے ہوئے کہا جب کوئی مثبت چیز نظر نہیں آئے گی تو خودکشی ہی کریں گے۔
بولنگ کوچ نے کہا کہ ہر ٹیم پر اچھا برا دن آتا ہے، شکست پر لوگوں کا مایوس ہونا غلط نہیں مگر کھلاڑیوں پر ذاتی حملے کرنا غلط ہے۔ اظہر محمود نے مزید کہا ہم ہر میچ کو فائنل سمجھ کر کھیل رہے ہیں۔