انگلینڈ کو ورلڈکپ میں مسلسل دوسری شکست ہو گئی اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ سری لنکا کے خلاف اپ سیٹ شکست سے دوچار ہونے والی انگلش ٹیم کینگروز کے خلاف بھی واپسی نہ کر سکی۔ انگلینڈ کی آسٹریلیا کے خلاف شکست سے پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوا کیونکہ انگلینڈ تمام میچز جیت کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا تھا مگر اب پاکستان تمام میچز جیت کر سیمی فائنل کا ٹکٹ پکا کر سکتا ہے۔ انگلینڈ کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے اگلے دونوں میچز جیتنا ہوں گے اور دوسری ٹیموں پر بھی انحصار کرنا ہو گا۔ انگلینڈ کی شکست سے پاکستان کو دوسرا فائدہ یہ ہوا کہ پاکستان اب نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد بھی ایونٹ سے باہر نہیں ہو گا۔ انگلینڈ اگلے میچز 30 جون کو بھارت اور 3 جولائی کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔