نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان ٹیم نے 20 برس بعد پرانی تاریخ دہرا دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بولنگ کے لیے سازگار پچ پر نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو 238 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان ٹیم نے بابر اعظم اور حارث سہیل کی زبردست اننگز کی بدولت آخری اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔ ورلڈکپ 1999 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان نے ورلڈکپ میں 230 سے زائد رنز کا ٹارگٹ کامیابی سے حاصل کیا ہو۔ آخری مرتبہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ہی ورلڈکپ 1999 کے سیمی فائنل میں 230 سے زائد رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا تھا۔ پاکستان کو 241 رنز کا ہدف ملا تھا جہاں سعید انور کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا تھا۔