فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو گزشتہ میچوں میں اپنی بولنگ میں مسائل کا سامنا تھا اور تمام ہی میچوں میں وہ بہت زیادہ رنز دے رہے تھے مگر نیوزی لینڈ کے خلاف انتہائی اہم میچ میں انھوں نے کیوی بیٹسمینوں کے چھکے چھڑا دیے۔ شاہین شاہ آفریدی نے اپنے 10 اوورز میں 28 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تین وکٹوں کی بدولت شاہین شاہ آفریدی نے محمد عامر، حسن علی اور عبدالقادر کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ وہ پاکستان کی جانب سے 17 ایک روزہ میچوں میں تیزترین 30 وکٹیں لینے والے پاکستان کے چوتھے بولر بن گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کارکردگی کا راز یہ تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے پہلے وسیم اکرم نے انھیں مفید مشورے دیے جو ان کی بولنگ میں واضح نکھار لے کر آئے۔