محمد عامر ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اسی پرفارمنس کی وجہ سے شائقین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز کی بھی ان سے توقعات بڑھ گئی ہیں۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے امید کا اظہار کیا ہے کہ فاسٹ بولر محمد عامر وہی کردار ادا کرے گا جو 1992 ورلڈکپ میں انھوں نے نبھایا تھا۔ عامر کے حوالے سے انھوں نے مزید کہا کہ ان کی لائن لینتھ کافی بہتر جا رہی ہے، عامر کو ہمیشہ سپورٹ کیا کیونکہ معلوم تھا کہ اس کو وکٹ مل گئی تو ردھم واپس آ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض بھی اچھا پرفارم کر رہے ہیں اور پاکستان ٹیم کی اچھی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں صورتحال دیکھ کر 1992 یاد آ رہا ہے، 27 سال پہلے بھی ایسی ہی صورتحال تھی اور پاکستان ٹیم دوسروں پر بھی انحصار کر رہی تھی۔