برمنگھم کے اسٹیڈیم میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فتح حاصل کی جو پاکستانی شائقین کرکٹ سے کھچا کچھ بھرا ہوا تھا۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی۔ بچے ہوں یا بڑے، مرد ہو یا خواتین، نوجوان ہو یا بزرگ، ہر کوئی پاکستان کو سپورٹ کرنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھا۔
کسی نے اپنے چہرے پر جھنڈا بنایا تو کسی نے سبز اور سفید رنگ کرنا ہی بہتر سمجھا۔ پاکستان نے میچ میں کامیابی حاصل کی تو پورا اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا اور ہر طرف پاکستانی پرچم لہراتا ہوا نظر آیا۔
میچ اختتام کو پہنچا تو پاکستانی شائقین کرکٹ نے اسٹیڈیم میں بکھرا ہوا کچرا اٹھایا۔ ایک شخص نے یہ ویڈیو بنا کر ٹویٹر پر اپلوڈ کی جس کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کے اس اقدام کو ہر طرف سے سراہا جا رہا ہے۔