ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کیمار روچ کی بولنگ پر ویسٹ انڈین ٹیم نے روہت شرما کے خلاف کیچ آؤٹ کیلئے رویو لیا۔ آن فیلڈ امپائر نے روہت شرما کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تھا جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے رویو لینے کا فیصلہ کیا۔
تھرڈ امپائر نے بار بار ری پلے دیکھنے کے بعد روہت شرما کو آؤٹ قرار دیا تھا جس پر بیٹسمین نے گراؤنڈ میں ہی ناراضگی کا اظہار کیا۔ اب روہت شرما نے ٹویٹر پر تصویر لگائی ہے جس میں انھوں نے ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ گیند ان کے بلے کو چھو کر نہیں گزری۔
امپائر کے فیصلے پر اظہار ناراضگی یا تنقید کرنے پر روہت شرما کے خلاف ڈسپلنری ایکشن لیا جا سکتا ہے اور ان پر میچ فیس کا جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔