افغانستان کے خلاف میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جب پاکستان کے اوپنرز اور مڈل آرڈر بیٹسمین ناکام ہوئے تو ایسی صورتحال میں عماد وسیم کو فاتحانہ اننگز کھیل کر ہیرو بننے کا موقع ملا جس کا آل راؤنڈر نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انھوں نے پہلے بولنگ میں زبردست کارکردگی دکھائی اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عماد وسیم مشکل حالات میں بیٹنگ کرنے کریز پر آئے تو انھوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ سرفراز احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد عماد وسیم نے شاداب خان کے ساتھ ذمہ دارانہ 50 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جبکہ آخر میں وہاب ریاض کے ساتھ قیمتی 24 رنز جوڑ کر پاکستان کو میچ میں فتح دلائی۔
ناقابل شکست 49 رنز بنانے اور دو وکٹیں حاصل کرنے پر عماد وسیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ جب وکٹ پر آیا تو اسپنرز کی بولنگ بالکل سمجھ نہیں آ رہی تھی جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ پورے پچاس اوورز کھیلوں کیونکہ جیت کا واحد راستہ یہی تھا۔