Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان کی افغانستان کیخلاف کامیابی کے بعد کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں نے پاکستان کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ پاکستان کی فتح پر وزیراعظم عمران خان نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انھوں نے لکھا کہ پاکستان نے دباؤ میں بہت اچھا کھیل پیش کیا، افغانستان نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔
میچ کے فوری بعد شعیب اختر نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ میرا دل تیزی سے دھڑک رہا ہے بالکل اسی طرح جب میں نے تیز ترین گیند کی تھی۔ انھوں نے کہا کہ عماد وسیم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی بہترین بولنگ کی۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے پوائنٹس ٹیبل کی تصویر شیئر کرتے ہوئے عماد وسیم اور وہاب ریاض کو مبارکباد دی۔ انھوں نے کہا کہ دباؤ میں ہم نے بہت اچھا پرفارم کیا اور عوام سے دعاؤں کی بھی درخواست کی۔
بھارت کے سابق کھلاڑی وی وی ایس لکشمن انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کہتے ہیں کہ یہ میچ بہت زبردست تھا افغانستان ٹیم فتح کے بہت قریب تھی مگر عماد وسیم نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کیا اور آخر میں میچ پاکستان کے نام رہا۔
ڈین جونز نے افغانستان کی شکست کے بعد ایک مشورہ دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ کرکٹ میں فیلڈنگ کی بہت اہمیت ہے، افغانستان کو اپنی فیلڈنگ بہتر کرنا ہو گی اور ان کے بیٹسمینوں کو تھوڑا صبر سے کھیلنا سیکھنا ہو گا۔ اس کے علاوہ محمد حفیظ، وہاب ریاض اور کئی کرکٹرز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر خوشی کا اظہار کیا۔