پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے لیے انگلش کاؤنٹی ٹیم نارتھیمپٹن شائر سے معاہدہ کر لیا ہے۔ وہ رواں سال ہونے والے ٹورنامنٹ میں نارتھیمپٹن شائر کی نمائندگی کریں گے۔ فہیم اشرف 12 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔ فہیم اشرف 26 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ان کی وکٹوں کی تعداد صرف 24 ہے۔ انھوں نے بیٹنگ میں 11.36 کی اوسط سے 125 رنز اسکور کیے ہیں۔ فہیم اشرف ورلڈکپ کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل تھے لیکن انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناقص کارکردگی کی وجہ سے انھیں ڈراپ کر دیا گیا تھا اور ان کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ فہیم اشرف کو انگلینڈ میں ہی قیام کرنے کا کہا گیا تھا کہ لیکن انھوں نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ واپس جانا چاہتے ہیں جسے قبول کر لیا گیا تھا۔