سری لنکن ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین آویشکا فرنینڈو نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ایک روزہ کیرئیر کی پہلی سینچری اسکور کر ڈالی۔ سری لنکا کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا دونوں اوپپنگ بیٹسمینوں کے درمیان پہلی وکٹ پر 93 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد فرنینڈو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کیخلاف ایک بڑا اسکور کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ آویشکا فرنینڈو نے 103 گیندوں پر 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ ورلڈکپ 2019 میں یہ کسی بھی سری لنکن بیٹسمین کی جانب سے پہلی سینچری تھی۔ انھوں نے زبردست سینچری کی بدولت سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ وہ ورلڈکپ میں پال اسٹرلنگ اور رکی پونٹنگ کے بعد تیسرے کم عمر سینچری اسکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے۔ اس سے قبل کوہلی ورلڈکپ میں سینچری اسکور کرنے والے تیسرے کم عمر بیٹسمین تھے۔ میچ میں عمدہ سینچری کی بدولت آویشکا فرنینڈو میچ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔