بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی جاری ہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں فاسٹ بولر نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مستفیض الرحمان نے بھارت کی اہم وکٹیں لیں جن میں کپتان ویرات کوہلی، ہاردک پانڈیا، مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتھک اور محمد شامی شامل ہیں۔ مستفیض الرحمان نے دس اوورز میں 59 رنز کے عوض پانچ شکار کیے۔ وہ رواں ورلڈکپ میں پندرہ وکٹیں لے کر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ بدقسمتی سے مستفیض الرحمان کی پانچ وکٹیں بھی بنگلہ دیش کو ناکامی سے نہ بچا سکی۔ اس شکست کے ساتھ ہی بنگلہ دیش ورلڈکپ سے بھی باہر ہو گیا۔ بنگلہ دیش اپنا آخری راؤنڈ میچ پاکستان کے خلاف لارڈز میں کھیلے گا۔