پاک افغان میچ میں تماشائیوں کے درمیان کئی جگہوں پر لڑائی ہوئی اور اس میں زیادہ تر افغان شائقین ملوث رہے۔ یارکشائر پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق جو شائقین بھی ان واقعات میں ملوث پائے گئے انھیں ورلڈکپ میچ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہا کہ میچ کے موقع پر چند واقعات رونما ہوئے تھے، ہم تناؤ کے امکانات سے پہلے ہی آگاہ تھے اس لیے 60 اضافی سیکیورٹی اہلکار بھی تعینات کیے تاہم اس کے باوجود ایک چھوٹے سے گروپ نے گڑبڑ کرنا چاہی اور ان کا گراؤنڈ میں آنے کا مقصد بھی یہی تھا۔ میچ کے موقع پر گراؤنڈ کے اوپر سے گزرنے والے ایک جہاز سے پاکستان مخالف ایک بینر بھی فضا میں لہرایا گیا۔ اسٹیو ایلورتھی کا کہنا تھا کہ اس کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔