انگلینڈ کے اوپننگ بیٹسمین جونی بیئرسٹو نے گزشتہ دو اہم میچوں میں مسلسل دو شاندار سینچریاں اسکور کر کے ایک منفرد ریکارڈ قائم کر دیا۔ جونی بیئرسٹو نے بھارت کے خلاف 109 گیندوں پر 111 رنز کی اننگز کھیلی اور انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف مسلسل دوسری سینچری اسکور کر کے وہ انگلینڈ کے پہلے بیٹسمین بن گئے جنہوں نے ورلڈکپ میں مسلسل دو سینچریاں بنائی ہوں۔ انھوں نے کیویز کے خلاف میچ میں 99 گیندوں پر ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 106 رنز اسکور کیے تھے۔
جونی بیئرسٹو کی زبردست اننگز کی بدولت انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 306 رنز کا ہدف دیا۔ کیوی ٹیم ہدف کے تعاقب میں صرف 186 رنز ہی بنا سکی۔ یاد رہے جونی بیئرسٹو مسلسل دوسرے میچ میں میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔