بھارتی ٹیم کی بولنگ کو مضبوط بنانے میں جسپریت بمراہ کا بڑا ہاتھ ہے۔ انھوں نے ورلڈکپ میں بھارت کی جانب سے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ اختتامی اوورز میں یارکرز کروانے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔ جسپریت بمراہ نے اپنی جادوئی یارکرز کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ جب میں نیٹ میں پریکٹس کرتا ہوں تو تمام کنڈیشنز کو مدنظر رکھتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ وہ نئی اور پرانی گیند سے بولنگ کرتے ہیں، پریکٹس کرتے ہوئے میری سوچ یہی ہوتی ہے کہ جیسے میں گراؤنڈ میں موجود ہوں اور میچ کھیل رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خود کو بڑا بولر نہیں سمجھتا، ابھی بھی ہر وقت سیکھنے کے عمل سے گزر رہا ہوں۔ جسپریت بمراہ نے مزید کہا کہ میں ابھی آرام کرنا نہیں چاہتا بلکہ اپنے ملک کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔