وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب نئے سیزن میں ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گی۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی ڈیپارٹمنٹس نئے کرکٹ اسٹرکچر میں پی سی بی کو سپورٹ کریں گے۔ ملک میں سینکڑوں کھلاڑی ڈیپارٹمنٹ کرکٹ سے وابستہ ہیں اور کئی کوچز بھی ڈیپارٹمنٹ سے ہی اپنا روزگار حاصل کر رہے ہیں تاہم اس سال سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بندش نے انھیں پریشان کر دیا ہے۔ کھلاڑیوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے سے وہ بےروزگار ہو جائیں گے اور ان کے پاس روزگار کا کوئی دوسرا راستہ بھی نہیں ہے۔ فرسٹ کلاس کرکٹرز کا کہنا ہے کہ کچھ کھلاڑیوں کو تو ریجنل ٹیموں میں ایڈجسٹ کر لیا جائے گا مگر اس نظام کی وجہ سے کھلاڑیوں کی اکثریت بےروزگار ہو جائے گی۔