سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے رواں سال ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے عالمی کپ 2019 کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کی تھی۔ سچن ٹنڈولکر نے کہا تھا کہ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ساتھ نیوزی لیںڈ یا پاکستان سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گا۔ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے تو فائنل فور ٹیموں میں جگہ بنا لی ہے جبکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کیوی ٹیم کے آگے جانے کا امکان ہے۔ پہلا سیمی فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ/پاکستان کے درمیان ہونے کا امکان ہے جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہو سکتا ہے۔ پہلا سیمی فائنل 9 جولائی کو مانچسٹر جبکہ دوسرا سیمی فائنل 11 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فائنل 14 جولائی کو لارڈز کے میدان پر کھیلا جائے گا۔