بھارت نے ورلڈکپ کے لیے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تو امباتی رائیڈو اس ٹیم کا حصہ نہیں تھے جس پر وہ کافی دلبرداشتہ ہو گئے تھے۔ امباتی رائیڈو کی جگہ اسکواڈ میں شامل ہونے والے وجے شنکر ٹخنے کی انجری کا شکار ہو کر ورلڈکپ سے باہر ہوئے تو انھیں امید ہوئی کہ شاید اب ان کو ٹیم میں منتخب کر لیا جائے لیکن قسمت کا قرعہ ماینک اگروال کے نام نکلا۔
دوسری مرتبہ بھی نظرانداز ہونے پر امباتی رائیڈو نے بڑا فیصلہ کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا اعلان کر ڈالا۔ انھوں نے بھارتی بورڈ کو لکھی گئی ای میل میں کہا کہ وہ تمام طرز کی کرکٹ سے الگ ہو رہے ہیں اور پچھلے 25 سال میں انھوں نے بہت کچھ سیکھا۔ امباتی رائیڈو نے بھارت کی جانب سے 55 ون ڈے اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔