کمنٹیٹر اور سابق کرکٹر رمیز راجہ نے پاکستان ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ بڑے ایونٹس جیتنا چاہتے ہیں تو انھیں اپنے اوپر سے غیرمتوقع کارکردگی کا ٹیگ اتروانا ہو گا۔ رواں ورلڈکپ میں پاکستان کو اپنی غیرمتوقع کارکردگی کا خمیازہ ہی بھگتنا پڑ رہا ہے جس وجہ سے قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوئی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں قومی ٹیم کے بیٹسمین بری طرح ناکام ہوئے۔ شاہینوں کے ساتھ وہ ہوا جو شاید کسی نے نا سوچا ہو گا۔ قومی ٹیم 105 پر ڈھیر ہوئی اور ویسٹ انڈیز نے باآسانی فتح حاصل کی۔ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف شاندار کم بیک تو کیا لیکن آسٹریلیا کے خلاف ایک بار پھر قومی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ بھارت کے خلاف حسب روایت پاکستان کو ورلڈکپ میں روایتی حریف کے ہاتھوں ایک اور شکست ہوئی۔ اس کے بعد شاہینوں نے ساؤتھ افریقہ، نیوزی لینڈ اور افغانستان کو شکست دے کر میگا ایونٹ میں شاندار واپسی کی لیکن اس بار دیر ہو گئی تھی۔