پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عبدالقادر نے پاکستان کی ورلڈکپ میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ عبدالقادر کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد ایک بہترین اور بےخوف کپتان ہے، ان سے ورلڈکپ میں بہت سے غلطیاں ہوئیں مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ سرفراز احمد سے ٹیم کی قیادت چھین لی جائے۔ عبدالقادر نے ورلڈکپ میں پاکستان کی شکستوں کا ملبہ کوچز پر ڈال دیا۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم ورلڈکپ کی تیاری کر کے گئی ہی نہیں تھی۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر اور انضمام الحق کو سب سے پہلے فارغ کرنا چاہیے جبکہ کپتان تبدیل کرنے کے بجائے درست فیصلہ یہ ہو گا کہ سرفراز کی قیادت میں ایک نائب کپتان مقرر کیا جائے اور پھر اس کی گرومنگ کی جائے۔ عبدالقادر نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو نئے کپتان پر دو سال مزید محنت کرنا ہو گی۔